لاہور : قائمہ کمیٹی خزانہ کے سربراہ اور سینئر ن لیگی رہنما قیصر احمد شیخ نے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو ایک صوبے کی جماعتیں قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق قائمہ کمیٹی خزانہ کے سربراہ اور سینئر ن لیگی رہنما قیصراحمدشیخ نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ چارٹرآف اکانومی یہی ہے کہ ن لیگ نے سندھ اور پیپلزپارٹی نےپنجاب نہیں آنا۔
قیصراحمد شیخ کا کہنا تھا کہ ملک تب آگےبڑھتاہےجب سیاسی جماعت کےووٹ ہرصوبےمیں ہوں، ملک کو ہم نےآگےبڑھانا ہےتوہماری پارٹیوں میں جمہوریت ہونی چاہیے۔
سینئر ن لیگی رہنما نے کہا کہ کسی بھی پارٹی میں جمہوریت نہیں اورعوام کےپاس آپشن بھی کیاہیں، جوسندھ کی جماعت ہے اس کے ووٹ سندھ کے ہی ہیں، دوسرےصوبوں میں نہیں، اسی طرح جوپنجاب کی پارٹی ہےوہ سندھ میں کوئی سیٹ نہیں لےسکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کراچی رہتا ہوں اور اپنی جماعت کو بہت کہتا ہوں کراچی آئیں، اپنی پارٹی کوکہتا ہوں کراچی میں آپ کے لیے موقع ہے اس لیے یہاں آئیں لیکن شاید کوئی انڈراسٹینڈنگ ہے پیپلزپارٹی سے کہ یہاں ن لیگ کوشش نہیں کرتی۔
سربراہ قائمہ کمیٹی خزانہ نے مزید کہا کہ ن لیگ کی سندھ میں کوئی دلچسپی نہیں حالانکہ کراچی اتنابڑا شہر ہے ، مریم نواز سے کہا ہے آپ کراچی آئیں ہم یہاں سے نشستیں نکال سکتے ہیں۔