پی ایس ایل 8 میں گزشتہ روز لاہور قلندرز نے قدرے کم ہدف کا شاندار دفاع کرتے ہوئے کوئٹہ کو چاروں شانے چت کیا موومنٹ آف دی میچ کیا رہا؟
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کے سنسنی خیز میچوں سے بھرپور پہلا مرحلہ اب اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ آنے والے میچز کے نتائج ٹیم پوزیشن کے ساتھ ان کے ٹورنامنٹ سے ان یا آؤٹ کا فیصلہ کریں گے۔ گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں بھی لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے درمیان میچ کھیلا گیا اور قلندرز نے 149 رنز کے قدرے کم ہدف کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے گلیڈیئٹرز کو چاروں شانے چت کردیا۔
لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 148 رنز بنائے پھر اس کا بہترین انداز میں دفاع کیا۔ بولرز نے کارکردگی تو دکھائی ساتھ ہی فیلڈرز نے بھی میدان میں پورا زور لگایا اور فیلڈنگ کا ایک ایسا ہی مظاہرہ اس میچ کا موومنٹ آف دی میچ قرار پایا۔
149 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے اوپنرز نے شاندار آغاز کیا اور 5 اوورز پورے ہونے سے قبل ہی ٹیم کی نصف سنچری ہوگئی تھی۔ انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے ول اسمیڈ اسکور بورڈ میں تیزی سے اضافہ کر رہے تھے اور اسی کوشش میں انہوں نے راشد خان کی گیند پر زور دار شاٹ کھیلا۔
گیند فضا میں بلند تھی اور شاٹ کی طاقت دیکھتے ہوئے یہ یقینی چھکا لگ رہا تھا تاہم پھر قلندرز کے آل راؤنڈر سکندر رضا نے کیا کمال اور باؤنڈرل پر ناقابل یقین فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اچھل کر یقینی چھکا بچایا اور یہی موومنٹ آف دی میچ قرار پایا کیونکہ اس کے کچھ دیر بعد ہی اسمیڈ راشد خان کی وکٹ بن گئے۔
ICYMI ➡️ @SRazaB24 🦸♂️#sochnabemanahai #HBLPSL8 #QalandarHum #QalandarsCity #LQvQGpic.twitter.com/WD8KDPcBGY
— Lahore Qalandars (@lahoreqalandars) March 2, 2023
اسمیڈ کے آؤٹ ہوتے ہی کوئٹہ گلیڈیئٹرز کا ردھم ٹوٹ گیا اور وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی مانند گرنے لگیں۔ کپتان سرفراز کریز پر ڈٹے تو رہے لیکن ان کی سلو بیٹنگ ٹیم کے کام نہ آئی۔ کوئٹہ مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 131 رنز تک محدود رہی یوں لاہور نے 17 رنز سے یہ فتح اپنے نام کرلی۔