راولپنڈی : چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور دنیا کے اس مشترکہ خطرے کے خلاف جنگ میں قربانیاں بھی دے رہا ہے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قندھار میں امریکی فورسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں جاں بحق ہونے والے دو جوانوں کے نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
آرمی چیف قمر باجوہ نے واقعے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پم اس دہشت گردی کا شکار رہے ہیں چنانچہ لواحقین کی تکلیف اور نقصان کو سمجھ سکتے ہیں۔
قندھار: نیٹو قافلے پر خودکش حملہ، 2 فوجی ہلاک
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے مشترکہ خطرے کا سامنا کر رہا ہے اور پاکستانی فوج اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں۔
خیال رہے کل افغانستان کے شہر قندھار میں امریکہ کی اسپیشل فورس پر خود کش حملہ کیا گیا تھا جس میں دو امریکی اہلکار جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے تھے۔