بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

سازش کا رونا مت روئیں، اپنے صفوں میں برادران یوسف دیکھیں، قمرزمان

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے‌صدر قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ شریف خاندان کے خلاف جے آئی ٹی، پیپلز پارٹی یا تحریک انصاف نے نہیں بلکہ عدلیہ نے بنائی ہے اورعدلیہ کو جس طرح مسلسل دھمکیاں دیں اورطنزیہ جملے کسے جا رہے ہیں اگر پی پی ایسا کرتی تو ہمارے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت کے کارروائی ہوجاتی۔

وہ لاہورمیں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ میاں صاحب آپ کوسازش کی بو آ رہی ہے تو خاموش کیوں بیٹھے ہیں اگر جج حضرات سازش کررہے ہوں گے تو ہم ان کے سامنے کھڑے ہوں گے لیکن حقیقت یہ ہے کہ میاں صاحب کو اپنی صفوں میں برادران یوسف تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے شریف خاندان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ جائیدادیں بنائیں اور حقیقت کھل جائے تو کہتے ہیں کہ جمہوریت کے خلاف سازش ہورہی ہے جب کہ وزیراعظم کے خاندان کی ماضی کی جائیداد دیکھیں تو آپ کے ہاتھ کی گھڑی کے برابربنتی ہے لیکن آج کے شاہی انداز کچھ اور بتارہے ہیں۔

قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگی وزراء کہتے ہیں کہ جوڈیشل 58 ٹوبی نافذ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے خدا کا خوف کریں یہ کس قسم کی دھمکیاں اورباتیں کی جا رہی ہیں جوڈیشل 58 ٹو بی اگرعدلیہ کو دھمکیاں نہیں تو اور کیا ہے؟

پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ میاں صاحب آج کل بہت سے وزراء امید لگائے بیٹھے ہیں کہ آپ جائیں گے تو ہماری باری آئے گی۔

قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ میاں صاحب آپ نے بی بی شہید کے خلاف سازشیں کیں اور جب آپ پھنس جاتے ہیں تو مظلومیت کا رونا شروع کردیتے ہیں اس لیے گُھٹ گُھٹ کرمرنے سے بہتر ہے کہ قوم کو راز بتا دیں۔

انہوں نے کہا کہ جےآئی ٹی نے ایسےثبوت دے دیئےہیں جس سے انکارنہیں کیاجاسکتا 1970 میں 10 مرلے کی بھٹی سے اربوں ڈالرکا سرمایہ کیسے ہوگیا؟ اب جے آئی ٹی کو گالیاں دینے سے کام نہیں چلے گا بلکہ دلیل اورثبوت کےساتھ بتاؤ جےآئی ٹی نے بات غلط کی ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ میاں صاحب آپ میمو کیس میں کالا کوٹ پہن کرکس کے اشارے پر سپریم کورٹ گئے تھے
بھٹو نے جمہوریت اورعوام کی لڑائی لڑی آپ نے کون سی لڑائی لڑی ہے ؟

انہوں نے کہا کہ والد اور بچوں کو شرمندہ کیا گیا ہے تو میاں صاحب یہ آپ کا قصور ہے کیوں کہ میاں صاحب جے آئی ٹی میں آپ کے لوگوں نے کیا کیا باتیں کی اگر میاں صاحب وہ باتیں دیکھیں توآپ کوسازش سمجھ آ جائے گی ویسے بھی جے آئی ٹی کی کارروائی کی ویڈیوریکارڈنگ ہوئی ہے۔

قمرزمان کائرہ نے کہا کہ میاں صاحب ویڈیو چل گئی تو قوم کو منہ دکھانے کے قابل نہیں ہوں گے اس لیے میاں صاحب ابھی بھی وقت ہے اس لیے استعفیٰ دے دیں تو بہتر ہے۔

انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے 2 ججزآپ کوڈی نوٹیفائی کرنے کا کہہ چکے ہیں جب کہ 3 ججزنے تحقیقات کراکراوربہت کچھ اورنئےانکشاف سامنےرکھ دیئے۔

قمرزمان کائرہ نے کہا کہ جمہوری نظام آپ کا دیا ہوا نہیں ہے چنانچہ اس نظام کوہم مزید مضبوط کریں گے لیکن کرپشن کی حمایت نہیں کریں گے ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس اور آرمی چیف کا ہمیں تونہیں لگتا کہ سازشیں کررہے ہیں اس لیے نوازشریف بتائیں کہ سازشیں کون کررہا ہے اس سے قوم کو آگاہ کریں ورنہ یہ ڈرامہ مزید نہیں چلے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں