لاہور : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اب تک جن جن اسکیموں کا اعلان کیا ہے وہ سب بری طرح ناکام ہو گئی ہیں اب پنجاب کے بیٹے آگئے ہیں اور وہ پنجاب کے مسائل حل کریں گے۔
وہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ حکمران کسان کے لیے پیکج کا اعلان کراتے ہیں لیکن وہ ان تک نہیں پہنچتا ہے،پاکستان کا کسان اپنی فصلیں جلانے پر مجبور ہں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ غریب مزدور اور کسان اپنے بچوں کی اسکولوں کی فیسیں ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے، غریب طلباء کو لیپ ٹاپ تو دے دیئے گئے لیکن اساتذہ نہیں دیئے، کتابیں اور یونیفارم نہیں دیے،سرکاری اسکول مویشیوں کی آماج گاہ بن گئے ہں۔
انہوں نے کہا کہ غریب لوگوں کے لیے سستی بستیاں بنائی جا رہی تھیں وہ کہاں ہے؟ کہاں تعمیر ہو رہی ہیں؟ یا وہ بھی کمیشن مافیا کی نذر ہو گئی ہے؟
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں کو جھوٹے دلاسے دینے والے مفت تندور اور سستی روٹی کی اسکیم کا کیا ہوا کہاں گئی یہ اسکیم بھی خادم اعلیٰ کی دیگر اسکیموں کی طرح بُری طرح فیل ہو گئی ہے؟
قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ اب پنجاب کے بیٹے آگئے ہیں، بلاول کے پاس پنجاب کے لوگوں کے مسائل کا حقیقی حل موجود ہے اور اب بھٹو ازم کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔