ملتان : ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس کے ملزم مفتی عبدالقوی درخواست ضمانت مسترد ہونے پر عدالت سے فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان سیشن کورٹ میں قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت ہوئی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امیرمحمد خان کی عدالت میں ملزم مفتی عبدالقوی پیش ہوئے، وکیل کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے مفتی عبدالقوی کی درخواست ضمانت خارج کردی۔
عدالت نے مفتی عبدالقوی کو گرفتار کرکے شامل تفتیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت کی جانب سے ضمانت خارج ہونے کے بعد موقع ملنے پر مفتی عبدالقوی احاطہ عدالت سے فرار ہوگئے۔
مزید پڑھیں : قندیل بلوچ قتل کیس، مفتی عبدالقوی پہلی بار عدالت میں پیش
پولیس کے مطابق مفتی قوی پر مبینہ طور پر قندیل کے بھائیوں کو قتل کے لیے اکسانے کا الزام ہے۔
گذشتہ روز قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت میں ملزم مفتی عبدالقوی عدالت کے سامنے پیش ہوئے تھے ، مفتی عبدالقوی کا کہنا تھا کہ پولیس اورعدلیہ کےساتھ تعاون کریں گے، دالتوں کا احترام کرتے ہیں ، عدالت جوفیصلہ کرےگی ہمیں منظور ہوگا۔
مفتی عبدالقوی نےچند روز قبل ہی عبوری ضمانت کرائی تھی، جس کی وجہ سےپولیس نےمفتی عبدالقوی کوگرفتارنہیں کیا تھا۔
مزید پڑھیں : قندیل بلوچ کیس،مفتی عبدالقوی کےناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
یاد رہے قندیل بلوچ کیس کی گذشتہ سماعت میں عدالت نے مفتی عبدالقوی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا تھا ۔
اس سے قبل مفتی عبدالقوی کو مقتول اداکارہ قندیل بلوچ کے والد عظیم کے بیان کی روشنی میں دفعہ’’ 109 ت پ‘‘ یعنی اعانتِ جرم کا ملزم نامزد کیا تھا جبکہ مفتی عبدالقوی نے پولیس کی جانب سے مرتب کردہ تحریری سوال نامے کے جواب میں کہا تھاکہ قندیل بلوچ سے پہلی ملاقات ٹی وی پروگرام اور آخری تیرہ رمضان کو کراچی کے ہوٹل میں ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ مفتی عبدالقوی اور قندیل بلوچ کی ملاقات کی متنازعہ ویڈیو کے منظر عام پرآنے اور قندیل بلوچ کی جانب سے مفتی عبدالقوی کے لیے سخت بیان بھی سامنے آیا تھا، اسی پس منظر میں قندیل بلوچ کی والدہ نے بھی مفتی عبدلاقوی کو شامل تفتیش کرنے کی اپیل کی تھی۔
مزید پڑھیں: ماڈل قندیل بلوچ کو قتل کر دیا گیا
واضح رہے معروف ماڈل اور ممتاز شوبز شخصیت قندیل بلوچ کو اُن کے گھر واقع ملتان میں قتل کردیا گیا ،قندیل بلوچ اپنے والدین سے ملنے گھر آئی ہوئیں تھیں کہ رات سوتے ہوئے اُن کے بھائی نے وسیم نے گلا دبا کر قندیل بلوچ کو ہلاک کرکے گاؤں فرار ہو گیا تھا جہاں پولیس نے چھاپہ مار کارروائی میں ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔