بدھ, اکتوبر 23, 2024
اشتہار

’والد سے زبردستی پریس کانفرنس کروائی گئی‘: قاسم رونجھو کے بیٹے کا اہم بیان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: 26ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے منحرف سینیٹر قاسم رونجھو کے بیٹے جہانزیب رونجھو کا اہم وضاحتی بیان سامنے آگیا۔

قاسم رونجھو کی میڈیا ٹاک پر بیٹے جہانزیب نے وضاحتی بیان دیا کہ سینیٹ ووٹ کے بعد پارٹی پالیسی کے تحت استعفے کا کہا گیا تو والد نے استعفیٰ دینا مناسب سمجھا۔

جہانزیب نے کہا کہ والد سے زبردستی پریس کانفرنس کرائی گئی اور پریس کانفرنس میں بیان الفاظ پارٹی کمیٹی نے زبردستی بولنے کو کہا، کیا یہ زیب دیتا ہے کہ سیاست کی آڑ میں عمر رسیدہ شخص کو استعمال کریں؟

- Advertisement -

بیٹے نے مزید کہا کہ پارٹی کی جانب سے غیر اخلاقی اور غیر سنجیدہ عمل ہے جس کی مذمت کرتا ہوں، والد کو پالیسی کے تحت خبروں کی زینت بنایا گیا، 70 سال سے زائد عمر کے میرے والد کو ہفتہ وار ڈائیلیسز کروانا ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ آج قاسم رونجھو سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے اور انہوں نے سیکریٹری سینیٹ کو اپنا استعفیٰ جمع کروا دیا ہے۔

سردار اختر مینگل نے ان سے اور سینیٹر نسیمہ احسان سے استعفیٰ طلب کیا تھا کیونکہ سینیٹرز نے 26ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

اس سے قبل بی این پی کے قائم مقام صدر ساجد ترین نے الزام عائد کیا تھا کہ سرکاری اہلکاروں نے سینیٹر قاسم رونجھو کو ان کے بیٹے اور ڈرائیور سمیت اغوا کیا، سینیٹر نسیمہ احسان کے شوہر اور بیٹے سے بھی کوئی رابطہ نہیں تھا، جن کے بارے میں خیال ہے کہ انھیں اٹھایا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں