اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایک کیس میں عدم پیشی پر قاسم سوری کو دوسری بار طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی الیکشن ٹربیونل کے نااہلی کے فیصلے کے خلاف اپیل کیس میں سپریم کورٹ نے قاسم سوری کو دوسری بار طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔
عدالتی عملے نے بتایا کہ قاسم سوری کے ایڈریس پر نوٹس بھیجا گیا جو ان کے بھائی نے وصول کیا، بھائی نے بتایا کہ قاسم سوری روپوش ہیں۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا قاسم سوری کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیتے ہیں، چیف جسٹس نے وکیل نعیم بخاری سے پوچھا کہ دوبارہ نوٹس جاری کرنے پر اعتراض تو نہیں؟ وکیل نے کہا قاسم سوری کو دوبارہ نوٹس پر مجھے اعتراض نہیں۔
سپریم کورٹ نے قاسم سوری کو دوسری بار نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ عدالت نے حکم امتناع پر تحریک عدم اعتماد کے خلاف رولنگ دینے پر قاسم سوری کو طلب کر رکھا ہے، اس کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔