کراچی: آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما احمد رضا قصوری نے اے آر وائی نیوز کے بیورو آفس کا دورہ کیا اور پارٹی سربراہ پرویز مشرف کی جانب سے اے آر وائی پر حملے کی مذمت کی اور گلدستہ پیش کیا۔
اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے احمد رضا قصوری نے کہا کہ الطاف حسین پاکستان مخالف تقریر کرکے غداری کے مرتکب ہوئے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم قائد پر آرٹیکل چھ کے تحت غداری کا مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیکل چھ کے تحت مقدمہ درج کرنا وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی ذمہ داری ہے، ایک سوال پر احمد رضا قصوری نے کہا کہ ایم کیو ایم میں اچھے لوگ بھی ہیں انہیں محفوظ رستہ دیا جائے۔
یاد رہے کہ 22 اگست کو اے آر وائی نیوز کے دفتر پر ایم کیو ایم کے مشتعل کارکنان نے حملہ کردیا تھا ، کارکنان نے دفتر میں توڑ پھوڑ اور ملازمین کو ہراساں کیا تھا۔