کراچی: ٹیکنیکل خرابی کے باعث دوحہ جانے والی قطر ایئرویز کی پرواز کے مسافر رُل گئے، عازمین حج بھی مشکل میں گرفتار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے دوحہ جانے والی قطر ایئر ویز کے طیارے میں اچانک فنی خرابی آ گئی، جس سے پرواز کیو آر 611 کو منسوخ کرنا پڑ گیا ہے، تاہم اس سے قبل کئی گھنٹوں تک غیر یقینی صورت حال کے باعث مسافر بری طرح رُل گئے۔
ایئر لائن ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز کے گراؤنڈ پاور یونٹ میں خرابی پیدا ہوئی ہے، طیارے کے اندر گراؤنڈ پاور یونٹ کام نہ کرنے کی وجہ سے مسافروں کو آف لوڈ کرنا پڑا، کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد خرابی دور نہ ہونے کے سبب آخر کار پرواز کو منسوخ کر دیا گیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق قطر ایئرویز کی پرواز نمبر 611 کو صبح ساڑے دس بجے روانہ ہونا تھا، تاہم وہ فنی خرابی کا شکار ہو گئی، طیارے کو ٹیکسی کے بعد واپس ٹرمینل پر لایا گیا۔
مسافروں میں بڑی تعداد میں عازمین حج کی بھی شامل تھی، ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرون شہر سے آنے والے عازمین حج سخت پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔ عازمین حج نے مطالبہ کیا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی قطر ایئر ویز سے فوری دوسرے طیارے کا بندوبست کرنے کو کہے۔
فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والے 133 سے زائد عازمین حج اور کنیکٹنگ پروازوں کے ذریعے دیگر ممالک جانے والے مسافر بھی رل گئے، ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ ایئر لائن انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کو ہوٹل منتقل کیا جا رہا ہے۔
مسافروں نے شکایت کی کہ انھیں بغیر اے سی اور لائٹ کے 2 گھنٹے سے زیادہ طیارے میں بٹھائے رکھا گیا، طیارے کے اندر شدید گرمی، حبس اور اندھیرے کی وجہ سے کئی مسافروں کی طبعیت خراب ہوئی۔ انتظامیہ کے مطابق پرواز کے مسافروں کو بعد ازاں سیٹلائٹ لاؤنج میں بھیجا گیا۔
مسافروں نے یہ شکایت بھی کی کہ ایئرلائن اسٹاف نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا کہ پرواز کب روانہ ہوگی، ذرائع نے بتایا کہ پرواز میں تاخیر سے کئی مسافروں کی دوحہ میں کنکٹنگ فلائٹس بھی چھوٹ گئیں۔
ذرائع کے مطابق عملے کی جانب سے مسافروں کو پرواز کی منسوخی کی اطلاع دے کر گھر واپس جانے کی ہدایت کی گئی، قطر ایئر ویز نے مسافروں کو ہوٹل بھیجنے کی بجائے گھر جانے کی ہدایت کی، اور کہا گیا کہ پرواز کے بارے میں ای میل کے ذریعے انھیں بتا دیا جائے گا۔
عملے کی ہدایت ملنے کے بعد کچھ مسافر تو گھروں کو روانہ ہو گئے تاہم کئی مسافر تاحال سیٹلائٹ لاؤنج میں موجود ہیں۔