کراچی :کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر قطر نے پاکستان سے آنے والے مسافروں کو روک دیا ، جس کے بعد کراچی اور اسلام آباد سے دوحہ جانے والے 96 مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قطر وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاکستانیوں کیلئے بھی سیاحتی ویزے پر پابندی لگا دی ، جس کے بعد کراچی سے دوحا جانے والی پرواز کیو آر 611 سے 48 مسافروں اور اسلام آباد سے دوحہ جانے والی پرواز کیو آر 615 سے بھی 48 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا ہے۔
مجموعی طور پر کراچی اور اسلام آباد سے دوحہ جانے والے 96 مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا ، آف لوڈ کئے جانے والے مسافر وزٹ ویزے پر دوحہ جارہے تھے۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھرکےایئرپورٹس پر وزٹ ویزے کے حامل مسافروں کی دوحہ بکنگ منسوخ کردی گئی ہے، کنکٹنگ فلائٹس پرکوئی پابندی نہیں، انھیں سفرکی اجازت ہے۔
مزید پڑھیں : قطر نے 14 ملکوں کے مسافروں پر بڑی پابندی لگادی
خیال رہے قطر پاکستان سمیت چودہ ممالک پر سیاحتی ویزے کی پابندی عائد کی ہے ، صرف ورک ویزہ یا کنیکٹنگ پروازوں کے مسافر قطر جاسکتے ہیں ، وزٹ ویزہ اور آن لائن آرئیول ویزے کے حامل مسافروں کو قطر آنے کی اجازت نہیں ، جس کا اطلاق آج سے نافذ عمل ہے ۔
قطر نے جن ملکوں پر پابندی لگائی ہے، ان میں بنگلہ دیش،چین،مصر،بھارت، ایران،عراق،لبنان، نیپال، فلپائن،جنوبی کوریا،سری لنکا،شام اورتھائی لینڈ بھی شامل ہیں۔
یاد رہے فروری کے آخر میں قطر میں جان لیوا کروناوائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، قطری محکمہ صحت نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ 36 سالہ شہری میں کروناوائرس کی تصدیق ہوئی جو حال ہی میں خصوصی پرواز کے ذریعے ایران سے قطر پہنچا ہے۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ کروناوائرس کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے اندازہ تھا کہ یہ وائرس قطر تک بھی پہنچ سکتا ہے، تاہم دیگر پروازوں سے قطر پہچنے والے شہریوں کا خصوصی معائنہ کیا جارہا ہے۔
قطری صحت کے محکمے نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے شہریوں سے کہا تھا کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت کروناوائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں، جن میں باقاعدگی سے ہاتھ دھونا اور غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلنا بھی شامل ہیں۔