قطر نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ بدل دی اور 220 ارب ڈالرز لگا کر انتظامات میں بڑے بڑے ملکوں کو ایسا پیچھے چھوڑا کہ دنیا حیران رہ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال کا عالمی کپ کا میلہ ایک ماہ تک رنگ بکھیرنے کے بعد قطر میں اختتام پذیر ہوگیا تاہم قطر نے فیفا ورلڈ کپ کی 88 سالہ تاریخ بدل دی۔ 220 ارب ڈالرز تو لگائے لیکن انتظامات میں بڑے بڑے ملکوں کو ایسا پیچھے چھوڑا کہ دنیا بھی حیران رہ گئی۔
قطر جس کو میگا ایونٹ کی میزبانی ملنے سے قبل یہاں ایک بھی عالمی معیار کا فٹبال اسٹیڈیم نہیں تھا لیکن 8 جدید طرف کے اسٹیڈیم بنا ڈالے۔ ان میں سے ایک اسٹیڈیم کو کنٹینرز کی مدد سے عارضی اسٹیدیم میں تبدیل کیا گیا۔
قطر نے ماسکو ورلڈ کپ سے 20 گنا زائد رقم استعمال کی۔ اسٹیڈیم میں نصب جدید کولنگ سسٹم نے شائقین اور کھلاڑیوں کو گرمی کا احساس تک نہ ہونے دیا اور تمام اسٹیڈیمز کا درجہ حرارت 20 ڈگری پر برقرار رکھا گیا۔
قطر نے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے دوران ایک ماہ تک بہترین مہمان نوازی کی۔ میزبانی بھی ایسی معیاری جو پہلے کبھی کسی نہ نہیں دیکھی تھی۔ اس ایک ماہ کے دوران قطر نے دنیا کو مہمان نوازی اور خاطر تواضع کے آداب سکھائے اور ساتھ ہی دنیا کو امن کا پیغام بھی پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں: امیر قطر نے میسی کو اعلیٰ اعزاز اور خطاب سے نواز دیا
قطر کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ سے قبل عائد کی گئی پابندیوں پر عالمی میڈیا اور دنیا کے مختلف ممالک میں آوازیں اٹھائی گئیں لیکن ایک ماہ کے دوران اس کی شاندار مہمان نوازی نے دنیا کا دل جیت لیا۔