قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی کا کہنا ہے امریکی صدر کو طیارے تحفہ دینے پر سیاست کی جا رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر اس وقت خیلجی ممالک کے دورہ پر ہیں اس دوران انہوں نے اپنا سب سے پہلا دورہ سعودی عرب کا کیا جبکہ گزشتہ روز وہ قطر پہنچے ہیں۔
قطر کے شاہی خاندان سے قطر کا دورہ کرنے پر امریکی صدر کو ایک لگژی جہاز تحفے میں دینے کا اعلان کیا ہے، اس لگژری بوئنگ 747-8 کی مالیت ایک کھرب 12 ارب روپے سے زائد ہے، فلائنگ پیلس نامی طیارے کو ایئر فورس ون کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
ڈونلڈٹرمپ قطر سے قیمتی ترین تحفہ لینے کو تیار
قطر کی جانب سے اعلان کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے طیارہ بطور تحفہ قبول کرنے کے منصوبے نے سیاسی اور اخلاقی تنازعات کو جنم دیا۔
تاہم قطرکے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی نے فاکس نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ تحفے سے متعلق قیاس آرائیاں مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک حکومت کا دوسری حکومت کو تحفہ ہے، تحفہ صدر ٹرمپ کو ذاتی حیثیت میں نہیں دیا جارہا۔
وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی نے مزید کہا کہ ہم نے یہ طیارہ امریکی کمپنی سے ہی خریدا ہے، امریکا ہمارا اسٹریٹجک پارٹنر ہے، ہم اس کیلئے جو چاہے کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ یہ طیارہ امریکی حکومت کو ملنے والے مہنگے ترین تحائف میں سے ہوگا، ٹرمپ یہ طیارہ صدارت چھوڑنے کے بعد اپنی صدارتی لائبریری کے حوالے کرسکتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ کے مطابق غیر ملکی حکومت سے ملنے والا کوئی بھی تحفہ ہمیشہ قوانین پر عمل کرتے ہوئے قبول کیا جاتا ہے۔