اسلام آباد : قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے خلاف نااہلی ریفرنس پر پی ٹی آئی ارکان کو بات کرنے سے روکنے پر اپوزیشن نے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا، اپوزیشن ارکان نے دو بار اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔
پی ٹی آئی ارکان نے احتجاج کےدوران ’’ستیاناس ہوگیا‘‘کے نعرے لگائے ۔ اسپیکر اور شیخ رشید کے درمیان بھی تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن کو نہ بھیجنے پر پی ٹی آئی ارکان نے شدید احتجاج کیا۔
اراکین کو نکتہ اعتراض پر بولنے کی بھی اجازت نہ ملی، اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے پی ٹی آئی ارکان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان کا پوائنٹ درست ہے بولنے دیں اس سے وزیراعظم کے خلاف ریفرنس دائر نہیں ہوجائے گا۔ ساتھ ہی اسپیکر سے یہ بھی کہہ دیا کہ آپ ماحول خراب کریں گے تو حکومت کو مشکل ہوگی۔
احتجاج کے دوران پی ٹی آئی ارکان ’’ستیاناس ہوگیا‘‘کے نعرے لگاتے رہے۔ اسپیکر ایاز صادق نے جواب دیا کہ کسی کے کہنے سے ستیاناس نہیں ہوتا۔
اس دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بولے تو ان کا اسپیکر کے ساتھ تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ شیخ رشید نے کہا کہ آپ خود جمہوریت کی قبرکھود رہے ہیں۔
اپوزیشن کے احتجاج کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف پھر پی ٹی آئی پر برسے اور سوال اٹھایا کہ شوکت خانم کاپیسہ مسقط اورعمان کیسے پہنچا؟
اسپیکرقومی اسمبلی نے ریمارکس میں کہا کہ ریفرنس کے معاملے میں جانبداری کا مظاہرہ نہیں کیا، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کےخلاف ریفرنس میں پاناما لیکس سے متعلق شواہد نہیں ملے۔