سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نے ملک میں گرتی ہوئی افراط زر کی وجہ سے 10 دسمبر 2024 سے قلیل مدتی بچت کے سرٹیفکیٹس کے منافع کی شرح میں ایک بار پھر کمی کردی ہے۔
وفاقی حکومت نے 2012 میں شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس (ایس ٹی ایس سی) سرمایہ کاری پروگرام شروع کیا تھا جو خاص طور پر 3 ماہ، 6 ماہ اور ایک سال کی میچورٹی مدت کے ساتھ سرمایہ کاروں کی قلیل مدتی فنڈنگ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
تمام پاکستانی شہریوں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اس میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ ایک سرمایہ کار اس زمرے میں کم از کم 10,000 روپے جمع کرا سکتا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ حد نہیں ہے۔
شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس دسمبر سے منافع کی شرح
قومی بچت بینک نے تین ماہ کی میچورٹی کے لیے منافع کی شرح 12.76 فیصد یا 3190 روپے ہر 100,000 روپے کی سرمایہ کاری پر مقرر کی ہے جو پچھلے 14.32 فیصد یا 3,580 روپے تھی۔
چھ ماہ کی میچورٹی کیٹیگری کے منافع کی شرح گزشتہ 13.46 فیصد یا 6730 روپے کے مقابلے میں 12.74 فیصد یا 6370 روپے مقرر کی گئی ہے تاہم 12 ماہ کی میچورٹی سے منافع 12380 روپے یا 12.38 فیصد مقرر کیا گیا ہے جس کا اطلاق 10 دسمبر سے ہوگا۔
ایس ٹی ایس سی منافع کی شرح پر ٹیکس کٹوتی
فائلرز: ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ (اے ٹی ایل) میں ظاہر ہونے والے افراد، ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح سرمایہ کاری کی تاریخ اور رقم سے قطع نظر منافع کا 15 فیصد ہوگی۔
نان فائلرز: ایکٹیو ٹیکس پیئر لسٹ (اے ٹی ایل) میں ظاہر نہ ہونے والے افراد، ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح سرمایہ کاری اور رقم منافع کی تاریخ سے قطع نظر منافع کا 30 فیصد ہوگی۔