لندن : سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کے واقعے پر برطانوی ڈپلومیٹک پولیس لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن پہنچ گئیں اور واقعے پر بریفنگ لی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن کی گاڑی کے سامنے احتجاج کے معاملے میں پیشرفت سامنے آئی، لندن میں برطانوی ڈپلومیٹک پولیس نے پاکستان ہائی کمیشن کا دورہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے افسران سے ڈپلومیٹک پولیس کے وفد نے ملاقات کی، پاکستان ہائی کمیشن کے افسران نے واقعہ کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈپلومیٹک پولیس نے واقعے کی مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پولیس ویڈیوز اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے تفتیش کا عمل آگے بڑھا رہی ہے۔
مزید پڑھیں : لندن میں قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کا واقعہ، 23 پاکستانیوں کے نام پی سی ایل میں شامل
پولیس کو بریفنگ دیتے ہوئے سفارتی عملے نے بتایا کہ جب یہ واقعہ پیش آیا، سابق چیف جسٹس ہائی کمیشن کی گاڑی میں موجود تھے۔
خیال رہے جسٹس قاضی فائز برطانیہ میں کچھ ہفتے قیام کے بعد گزشتہ روز پاکستان روانہ ہوگئے ہیں۔
یاد رہے 29 اکتوبر کو پاکستان ہائی کمیشن کی گاڑی کے سامنے احتجاج کے معاملے پر برطانوی پولیس نے مقدمہ درج کرکے کرائم ریفرنس نمبر جاری کیا تھا۔
بعد ازاں پاسپورٹ حکام نے سابق چیف جسٹس پر حملے کے واقعے میں 23 پاکستانیوں کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا تھا، جس میں پی سی ایل میں لندن میں مظاہروں سے شہرت پانے والے شایان علی کا نام بھی شامل تھا۔