جمعرات, اکتوبر 10, 2024
اشتہار

قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قاآنی سے متعلق ایرانی میڈیا کا بڑا دعویٰ

اشتہار

حیرت انگیز

ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قاآنی خیریت سے ہیں، ان کی شہادت سے متعلق افواہیں غلط ہیں۔

ایرانی میڈیا نے پاسداران انقلاب کے سینئر مشیر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قاآنی کو جلد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے ’نشان فتح‘ دیا جائے گا۔

سینئر ایرانی حکام نے اس سے قبل رائٹرز کو بتایا تھا کہ 27 ستمبر کو بیروت میں اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد اسماعیل قاآنی لبنان گئے اور اس کے بعد سے ان سے رابطہ نہیں ہورہا۔

- Advertisement -

عہدیدار کے مطابق اسرائیل کے جانب سے حزب اللہ کے ممکنہ سربراہ ہاشم صفی الدین کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے حملوں کے وقت اسماعیل قاآنی بھی ضاحیہ میں موجود تھے تاہم اس وقت وہ ہاشم صفی الدین سے کسی ملاقات میں مصروف نہیں تھے۔

تاہم اب تسنیم نیوز ایجنسی کو اسماعیل قاآنی کے مشیر ابراہیم جباری نے بتایا ہے کہ اسماعیل قاآنی رو بہ صحت ہیں اور انہیں آنے والے دنوں میں ’نشان فتح‘ دیا جائے گا۔

دوسری جانب ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں ایرانی جنرل مرتضیٰ میریان کا اسرائیل کو جوابی دھمکی دیتے ہوئے کہنا ہے کہ ہماری انگلیاں ٹریگر پر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی جنرل مرتضیٰ میریان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے پر جوابی حملے کے لیے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر کوئی بھی اسرائیلی حملہ اب بغیر جوابی حملے کے نہیں ہو سکے گا، ایک بھی حملہ ہوا تو دشمن کو دھول میں اڑا دیں گے۔

ایرانی جنرل کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے اندر جس ہدف کو چاہا نشانہ بنایا، ایرو، ڈیوڈ سلنگ اور آئرن ڈوم اسرائیلی دفاعی نظام اور دیگر ممالک ناکام رہے۔

ایرانی انقلابی گارڈز کے مشیر بریگیڈیئر جباری کا کہنا تھا کہ ایرانی حملے میں کئی اسرائیلی ایف 35 لڑاکا طیارے ملیا میٹ کردیئے گئے۔

لبنان کو بھی غزہ بنا دیں گے، نیتن یاہو کی دھمکی

انہوں نے کہا کہ میزائل حملوں کے دوران سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر حملوں کے ذریعے 90 فیصد میزائلوں نے اپنے حدف کوکامیابی سے نشانہ بنایا جو اسرائیل اور امریکا کے لیے بڑا سرپرائز تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں