لندن: برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم یوں تو بے شمار نجی و سرکاری سرگرمیوں میں مصروف رہتی ہیں تاہم انہیں درختوں کا بھی بے حد شوق ہے اور شجر کاری کے لیے بھی وہ کسی نہ کسی طرح وقت نکال ہی لیتی ہیں۔
حال ہی میں ملکہ برطانیہ کے بارے میں پیش کی جانے والی ایک دستاویزی فلم میں ملکہ کے اس شوق کا انکشاف ہوا۔
اس فلم میں جس کا نام ’دا کوئنز گرین پلینٹ‘ ہے، ملکہ کی جانب سے شروع کیے گئے اس منصوبے کے بارے میں بتایا گیا ہے جس کے تحت دنیا بھر میں جنگلات کے تحفظ پر کام کیا جارہا ہے۔
مذکورہ پروجیکٹ کا نام ’دا کوئنز کامن ویلتھ کنوپی‘ ہے۔
فلم کے مطابق ملکہ نے دنیا بھر میں جس جس ملک کا دورہ کیا، وہاں انہوں نے شجر کاری ضرور کی۔
فرانس میں ہونے والے کینز فلم فیسٹیول میں فلم کی نمائش کے موقع پر ہدایت کار نے بتایا کہ ملکہ کو یہ شوق اپنے اجداد سے ورثے میں ملا ہے۔
ان کے مطابق شاہی محل بکھنگم پیلیس کے باغ میں ملکہ وکٹوریہ کے ہاتھ سے لگائے گئے درخت بھی موجود ہیں اور ملکہ الزبتھ کی ہدایت پر ان کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے۔
دستاویزی فلم میں وہ مناظر بھی موجود ہیں جب ملکہ ایک ماہر نباتات سر ڈیوڈ اٹنرگ کے ساتھ شاہی محل کے باغ کا دورہ کر رہی ہیں۔ سر ڈیوڈ طویل عرصے سے ملکہ کے اس شوق میں ان کا ساتھ دیتے آرہے ہیں۔ دونوں ہم عمر ہیں اور ان کے درمیان کافی گہرا تعلق موجود ہے۔
فلم کے مطابق پودوں اور درختوں کا شوق نہ صرف خود ملکہ بلکہ ان کے پورے خاندان میں ہے۔ ان کے صاحبزادے اور تخت کے ولی عہد شہزادہ چارلس بھی درختوں کا شوق رکھتے ہیں۔
فلم میں سر ڈیوڈ سے گفتگو کرتے ہوئے ملکہ کہتی ہیں کہ ان کے باغ میں موجود زیادہ تر درخت انہیں تحفتاً موصول ہوئے ہیں۔ ’تحفے دینے کے حوالے سے میں ایک مشکل شخصیت سمجھی جاتی ہوں، چنانچہ جب لوگوں کو سمجھ نہیں آتا کہ وہ مجھے کیا تحفہ دیں تو وہ مجھے ایک پودا تحفے میں دے دیتے ہیں‘۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔