تازہ ترین

شہزادہ ہیری اور میگھن کے فیصلے کی حمایت کریں گے، ملکہ برطانیہ

لندن: شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کی شاہی خاندان سے علیحدگی پر ملکہ برطانیہ کا کہنا ہے کہ وہ ہیری اور میگھن کے فیصلے کی حمایت کریں گی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملکہ برطانیہ کا کہنا ہے کہ میں نے اور میرے خاندان نے معاملے پر تعمیری گفتگو کی، ہیری اور میگھن نے واضح کہا کہ وہ عوام کے پیسے پر زندگی نہیں گزارنا چاہتے، ہم ان کے فیصلے کی حمایت کریں گے۔

ملکہ برطانیہ کا کہنا ہے کہ خواہش ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل سینئر رائل رہیں، ان کے نئی فیملی شروع کرنے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہیری اور میگھن مرکل ایک معینہ وقت کے دوران برطانیہ اور کینیڈا میں رہیں گے۔

مزید پڑھیں: شاہی خاندان سے علیحدگی ، 4 دن میں ہیری اور میگھن مرکل کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ

ملکہ برطانیہ کا کہنا تھا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن کی شاہی خاندان سے علیحدگی خاندان کے لیے ایک پیچیدہ مسئلہ ہے، خاندان کے افراد سے کہا ہے کہ آئندہ چند روز میں حتمی فیصلہ کرلیں۔

یاد رہے چند روز قبل برطانوی شہزادے ہیری اور اُن کی اہلیہ میگھن مرکل نے شاہی خاندان سے علیحدگی اور معاشی طور پر خود مختاری کا فیصلہ کرتے ہوئے شمالی امریکا منتقل ہونے کا عندیہ دیا تھا۔

شاہی جوڑے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ شاہی پروٹوکول کو چھوڑ کر عام انسانوں کی طرح زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں اور اب وہ مستقبل میں اپنے فلاحی و دیگر کاموں پر توجہ دیں گے۔

بعد ازاں ملکہ برطانیہ نے پرنس ہیری اور میگھن مارکل کی شاہی خاندان سے علیحدگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کا حل نکالنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا دونوں کو واپسی پر رضا مند کریں۔

Comments

- Advertisement -