کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت میں بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس کے قریب دھماکا اُس وقت ہوا جب پولیس موبائل گشت پر تھی، دھماکے میں اہلکاروں کو ہی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑایا گیا، دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرلیے۔
یاد رہے کہ 6 اگست کو کوئٹہ کی شو مارکیٹ میں ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 12 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے دہشت گردی کے واقعے کی تصدیق بھی کی تھی۔