کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں (محکمہ انسداد دہشت گردی) سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 4 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کے دو مبینہ دہشت گردوں کو کوئٹہ سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ گرفتار دہشت گردوں سے دستی بم ودیگر تخریبی مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ حب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں دو دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بارودی مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد صحافی شاہد زہری، قبائلی شخصیت کے قتل میں ملوث تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کوئٹہ کے علاقے دشت میں سی ٹی ڈی سے فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے، دہشت گردوں سے مقابلے میں چار اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ ستمبر میں بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے سورگز میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران دو مبینہ دہشت گرد مارے گئے تھے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلےمیں مارے گئے دومبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا جبکہ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گرد کے سر کی قیمت دس لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔