کوئٹہ: کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارنمنٹ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے نصیرآباد کو بڑی تباہی سے بچالیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق نصیرآباد کےعلاقے میں خفیہ اطلاع پرکارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے مشتبہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ مبینہ دہشت گرد سے بارہ کلو دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا جبکہ پراما کارڈ بھی برآمد ہوا، مبینہ دہشت گرد مسافر وین کے زریعے کوئٹہ سے نصیرآباد جارہا تھا،مبینہ دہشت گرد کو حراست میں لیتے ہوئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس سے تفتیش کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔
اسی طرح کی ایک اور کامیاب کارروائی گذشتہ سال اپریل میں سی ٹی ڈی کراچی نے کی تھی، جہاں پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد کے قریب سے کالعدم ٹی ٹی پی کے پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، کالعدم ٹی ٹی پی کے 5 دہشت گرد گرفتار
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمرشاہد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی اور رینجرز نے جامشورو کے قریب کارروائی کی، کارروائی کے دوران ایک گروپ کے پانچ دہشت گرد گرفتار کیے گئے، گرفتار دہشت گردوں میں دو خودکش حملہ آور بھی شامل تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بظاہر دہشتگرد کراچی میں حملے کی ریکی کرچکے تھے ، یہ دہشتگرد حملے کیلئے کراچی واپس آئے تھے اور ملزمان کی نقل وحرکت پہلے بھی کراچی میں رہی ہے، دہشت گردوں سے دوخودکش جیکٹ، 6دستی بم،3ایس ایم جی برآمد کئے گئے تھے۔