جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

کوئٹہ اسپتال دھماکا: ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف وکلاء کی ریلی

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ : سانحہ آٹھ اگست کے ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف وکلاء نے احتجاجی ریلی نکالی اور بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ آٹھ اگست کو کوئٹہ کے سول ہسپتال میں خود کش حملے کے ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف گزشتہ روز کئے گئے اعلان کے مطابق وکلاء نے احتجاجی مظاہروں کا آغاز کردیا۔

کوئٹہ میں وکلاء نے بلوچستان ہائی کورٹ سے احتجاجی ریلی نکالی اوربلوچستان اسمبلی کے سامنے پہنچ کر دھرنا دیا، شرکاء نے مختلف نعروں پر مبنی پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

انہوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا، بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عبدالغنی خلجی نے وکلاء سے خطاب میں سانحہ آٹھ اگست کی تفتیش پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو ماہ گزرنے کو ہیں لیکن ملزمان اب تک بے نقاب نہیں ہوئے۔

وکلاء رہنماؤں نے واضح کیا کہ اگر اُن کے مطالبات پر عملدرآمد نہیں ہوا تو وہ حکومت کے خلاف مزید سخت لائحہ عمل اپنائیں گے۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: سول اسپتال میں دھماکا، 74افراد جاں بحق، 112 زخمی

 واضح رہے کہ آٹھ اگست کے خود کش حملے کے بعد وکلاء کا کوئٹہ میں یہ پہلا احتجاجی مظاہرہ تھا، وکلاء نے ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ کوئٹہ کے سول ہسپتال میں خود کش حملے کے نتیجے میں 74 افراد جاں بحق اور 112 سے سے زائد زخمی ہوئے تھے، ہلاک ہونے والوں میں تی وی چینلز کے دو کیمرہ مین بھی شامل ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں