کوئٹہ میں آج صبح ہونے والے دھماکے کے بعد سندھ بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ دھماکے کے بعد کراچی ڈویژن ریلوے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی جبکہ کینٹ سٹی اسٹیشن، ڈرگ روڈ، لانڈھی، کوٹری، حیدرآباد، ٹنڈو آدم میں سیکیورٹی میں اضافہ کیا گیا۔
کراچی ڈویژن کے تمام اسٹیشن کے داخلی و خارجی راستوں پر ریلوے پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی اس کے علاوہ بم ڈسپوزل اسکواڈ ہر 2 گھنٹے بعد ریلوے تنصیبات کی کلیئرنس کا سرٹیفکیٹ جاری کریگا۔
ایس پی ریلوے پولیس جاوید خان کا کہنا ہے کہ تمام ٹرینیں بم ڈسپوزل اسکواڈ سے کلیئرنس کے بعد روانہ ہوں گی، مسافروں اور سامان کی چیکنگ کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ آج صبح کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق ہو گئے، دھماکے میں 40 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔