اسلام آباد: کوئٹہ بم دھماکے پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تاریخ میں پہلی بار کل سے تین روز تک عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ اور سات روزہ سوگ کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ وکلا کو تحفظ فراہم کیا جائے ورنہ پارلیمنٹ کے سامنےاحتجاج بھی کرسکتے ہیں جبکہ بلوچستان حکومت نے تین روزہ اور سندھ حکومت نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سانحہ کوئٹہ میں 70 سے زائد افراد اور بلوچستان بار کے صدر کی شہادت کے بعد سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نےتین روزہ عدالتی بائیکاٹ اور سات روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے عدالتی کارروائیاں مکمل بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
سپریم کورٹ بارکے صدر قیصر نذیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف وکلا کل سے مکمل ہڑتال کریں گے اور عدالتی کارروائیاں بند رکھیں گے، چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل ہے کہ وہ تین دن تک عدالت نہ لگائیں۔
انہوں نے حکومت سے تحفظ طلب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ وکلا کو پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کی بھی کال دے سکتے ہیں،حکومت وکلا و ججز کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے بلوچستان حکومت کی طرف سے تین روزہ اور سندھ حکومت نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
خیبر پختون خوا بار کونسل نے کل سے دو روزہ ہڑتال اور سات روزہ سوگ کا اعلان ہے۔
انجمن تاجران کوئٹہ نے کل اپنا کاروبار بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔