جمعرات, اکتوبر 3, 2024
اشتہار

کوئٹہ میں باراتیوں کی بس افسوسناک حادثے کا شکار

اشتہار

حیرت انگیز

بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بروری بائی پاس کے قریب باراتیوں سے بھری بس کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس نے بتایا کہ حادثے میں زخمیوں کی تعداد 20 ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، تمام زخمیوں کو علاج کیلیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

باراتیوں کی بس ٹائر پھٹنے سے بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری جو ہزارہ ٹاؤن سے بلیلی جا رہی تھی۔

- Advertisement -

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بروری بائی پاس بس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع افسوسناک اور دکھ کا باعث ہے، حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا کوئی غفلت پائی گئی تو مواخذہ ہوگا۔

انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہتر طبی امداد فراہم کی جائے، جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلیے دعاگو ہیں۔

رواں سال اگست میں اسی طرح کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں بلوچستان سے پنجاب جانے والی قومی شاہراہ پر دو گھنٹوں کے دوران مسافر بسیں الٹنے کے دو واقعات میں انتیس افراد زخمی ہوگئے تھے۔

بلوچستان سے پنجاب جانے والی قومی شاہراہ پر 2 گھنٹے کے دوران 2 مسافر بسیں حادثے کا شکار ہوئی تھیں۔ کوئٹہ سے ژوب جانے والی کوچ قومی شاہراہ پر ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں مزداٹرک کو بچاتے ہوئے کھائی میں گر گئی تھی جس کے نتیجے میں پندرہ مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

مذکورہ حادثہ کے ڈیڑھ گھنٹے بعد اسی شاہراہ پر ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے مسلم باغ میں ایک اور مسافر بس الٹ گئی تھی۔

کوئٹہ سے مسافروں کو لیکر لاہور جانیوالی بس تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوئی جس کے باعث چودہ مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مسلم باغ لے جایا گیا تھا جہاں سے سات شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا تھا جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں