بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پاکستان سپر لیگ سیزن 5 (پی ایس ایل) میں دفاعی چمپیئن کوئٹہ گلیڈی ائٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کی دوسری فتح اپنے نام کرلی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے 157 رنز کے جواب میں دفاعی چمپیئن کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور مطلوبہ ہدف 19ویں‌ اوور میں‌ صرف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ہدف کے تعاقب میں شین واٹسن اور جیسن رائے نے دھواں دار اننگز کھیلتے ہوئے 41 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کیا لیکن واٹسن نے 20 گیندوں پر 27 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

دفاعی چمپیئن کی دوسری وکٹ 54 رنز کے مجموعے پر اس وقت گری جب اوپنر جیسن رائے 17 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، جب کہ احمد شہزاد 11 رنز اسکور کرکے کپتان عماد وسیم کا شکار بن گئے۔

کپتان سرفراز احمد اور نوجوان بلے باز اعظم خان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 79 رنز کی شراکت داری قائم کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔

اعظم خان نے 30 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 46 رنز اسکور کرکے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتحیاب کروانے میں اہم کردار ادا کیا تاہم کامیابی کے قریب پہنچ کر 140 کے مجموعے پر اعظم خان رن آؤٹ ہوگئے۔

گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 37 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ انور علی نے چھکا لگا کر ٹیم کو ایونٹ میں دوسری کامیابی دلوائی۔

کراچی کنگز کے بولر کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، کپتان عماد وسیم اور چک جارڈن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیتا بیٹنگ پچ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی تھی۔ اوپنر بابر اعظم اور شرجیل خان نے سنبھل کر بیٹنگ کرنے کی کوشش کی اور اسکور کارڈ پر 31 رنز جوڑے، پہلی وکٹ گرنے کے بعد بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں‌ گرتی رہیں۔

ون ڈاون آنے والے بیٹسمین ایلکس ہیلز نے محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے 29 رنز اسکور کیے لیکن محمد حسنین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کوئٹہ گلیڈی ائٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں‌ کو آؤٹ کیا جب کہ ٹیمل ملز نے 2، محمد نواز اور سہیل خان‌ نے ایک ایک وکٹ‌ حاصل کی۔

دوسری جانب دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس سے پہلے پشاور اور اسلام آباد کے خلاف دو میچز کھیل چکی ہے جس میں کوئٹہ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ پشاور زلمی سے خود ہار گئی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں