کوئٹہ: ریلوے کالونی، کوئٹہ میں تینوں بھائیوں کا قاتل سگا بھائی نکلا، پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ ریلوے کالونی میں تین بھائیوں کے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا، قاتل چوتھا سگا بھائی نکلا، ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ اس نے روک ٹوک اور جائیداد کے لالچ میں بھائیوں کو قتل کیا۔ ملزم نے گزشتہ رات شادی کی تقریب سے واپسی پر بھائیوں پر فائرنگ کر دی تھی۔
واقعے میں زندہ بچ جانے والے ملازم نے پول کھولا، اسفند نامی ملازم نے زخمی ہونے کے بعد آنکھیں بند کر لی تھیں، جس پر قاتل نے اسے مردہ سمجھ کر چھوڑ دیا تھا۔
کراچی ملیر میں گزشتہ روز خاتون کی لاش ملنے کے واقعے کا بھی ڈراپ سین ہو گیا، واقعہ غیرت کے نام پر قتل نکلا۔
خاتون کو اس کے دو بھائیوں نے قتل کیا تھا، دونوں بھائی گرفتار کر لیے گئے، ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ بھائیوں نے بہن کی لاش ایک ماہ تک چھپا کر رکھی، پولیس کو ان کے والد نے اطلاع دی۔