ملک کے مختلف شہروں میں رمضان میں چینی کی قیمت کو پر لگ گئے، کوئٹہ میں چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت میں 15 روپے کا مزید اضافہ کر دیا گیا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں چینی کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، شہر میں چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت میں 15 روپے کا مزید اضافہ ریکارڈ ہونے کے بعد 180روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی 175 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے، چینی کی فی کلو قیمت میں 2 روز کے دوران 25 روپے کا اضافہ ہوا، ریٹیل مارکیٹ میں دو روز قبل چینی 155 روپے میں فروخت کی جارہی تھی۔
دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں رمضان میں چینی کی قیمت کو پر لگ گئے، لاہور میں ایک کلو چینی کی قیمت میں 10روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ایک کلو چینی 170 روپے ہوگئی، چینی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔
صدر کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ شوگر ملز اور ڈیلرز کارٹل کو توڑا نہیں جا سکا۔
پشاور میں بھی دس روپے کے اضافے کے بعد ایک کلو چینی 170 روپے کی ہوگئی، رمضان سے پہلے چینی 160 روپے کلو فروخت کی جا رہی تھی۔
کراچی میں رمضان سے قبل 145 روپے کلو میں فروخت ہونے والی چینی ہول سیل میں 168 اور ریٹیل میں 180 روپے کلو میں فروخت کی جارہی ہے۔