کوئٹہ میں سریاب روڈ منیر مینگل چوک کے قریب دھماکا ہوا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت علی مدد جتک کی قیادت میں ریلی گزر رہی تھی، دھماکے کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی رکن صوبائی اسمبلی علی مدد جتک محفوظ رہے ہیں، گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بظاہر دستی بم سے حملہ کیا گیا ہے، شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں جشن فتح جلسہ پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقد کیا جارہا ہے جس میں شرکت کے لیے پی پی رکن صوبائی اسمبلی کی قیادت میں ریلی گزر رہی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور دیگر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی قیادت پر حملے دراصل بلوچستان کے امن پر وار ہیں۔ ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہماری اجتماعی قوت ارادی کو متزلزل نہیں کر سکتیں،
انہوں نے مزید کہا ہے کہ امن دشمن عناصر کے خلاف سخت اور نتیجہ خیز کارروائی ہو گی۔ اور امن میں رخنہ ڈالنے والے عناصر کو بے نقاب کیا جائے گا جبکہ ریاست دشمن عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔