کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نجی اسکول پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چار بچے زخمی ہوگئے.
اے آر وائی کے نمائندے منظور احمد کے مطابق یہ واقعہ کوئٹہ کے گنجان آباد علاقہ کلی شابو میں پیش آیا، حملہ آوروں نے ایک نجی اسکول کو نشانہ بنایا.
واقعہ ساڑھے بارہ بجے پیش آیا، پولیس کے مطابق نامعلوم افراد موٹر سائیکل پر آئے اور اسکول کی گیٹ پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، جس سے صحن میں کھیلتے تین طلبا اور ایک طالبہ زخمی ہوئے.
زخمی بچوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شوائد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی گئی.
مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کا کوئٹہ میں کینسر اسپتال بنانے کا اعلان
اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ ثانیہ صافی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حملے کی وجہ کوئی تنازع ہے یا پھر یہ دہشت گردی کا وااقعہ ہے، اس بابت فی الوقت کچھ بتایا نہیں جاسکتا.
ان کا کہنا تھا کہ مسلح افرا د نے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تھی، سیکورٹی کے انتظامات طے شدہ معیارات کے مطابق نہیں ہیں، نہ تو سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہیں اور نہ دیواروں پر خار دار تار ہیں.
وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے واقعہ کی مذمت کرکے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے.