کوئٹہ : بلوچستان میں شدید برفباری کے باعث کوئٹہ کے لک پاس پر سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ قلات سے چمن تک برف ہی برف نظر آرہی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہریوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں برفباری کے ساتھ مشکلات بھی بڑھ گئیں کوئٹہ سے مستونگ جانے والی سیکڑوں گاڑیاں لاک پاس پر پھنس گئیں ہیں، کوئٹہ کا کراچی سے زمینی رابطہ ایک بار پھر منقطع ہوگیا۔
برفباری کے باعث راستےبند ہوگئے۔ منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ میں ٹھٹرتے مسافر کئی گھنٹوں تک راستہ کھلنے کا انتظار کرتے رہے، چمن،زیارت اور قلات میں بھی ہر طرف برف ہی برف ہے۔ قلات اورزیارت کا درجہ حرارت منفی چھ تک گر چکا ہے۔
ژوب میں بھی ہرچیز نے برف کی چادر اوڑھ لی ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے میں مزید برفباری ہو سکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناءاللہ زہری نے راستے بند ہونے کے باعث شہریوں کو سفر سے گریز کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگ اپنے اپنے علاقوں میں برفباری کے مزے لیں بلاوجہ ادھر ادھر نہ جائیں۔ بعد ازاں ایف ڈبلیواو نے کوئٹہ چمن شاہراہ پر ٹریفک بحال کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کھوجک پاس سے برف ہٹا کرسڑک ٹریفک کیلئے بحال کردی گئی ہے، یاد رہے کہ لکپاس ٹنل کے قریب 2 فٹ برف کے باعث ٹریفک معطل تھی۔