بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر خاتون سمیت 2 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ قتل کا واقعہ تھانہ نیو سریاب کی حدود میں پیش آیا، مقتولہ بیوہ اور 7 بچوں کی ماں تھی جسے مبینہ طور پر اس کے بھائی نے قتل کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جاں بحق شخص سے بھی پستول ملا ہے، ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی۔
9 فروری 2025 کو پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں شوہر نے غیرت کے نام پر بیوی کو آگ لگا دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: غیرت کے نام پر قتل ہونے والی لڑکی کا مقدمہ 14سال بعد درج
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ ہاؤسنگ کالونی میں پیش آیا، خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی۔
ترجمان پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ملزم عبدالرحمان کو اس واقعے کے فوراً بعد گرفتار کر لیا گیا جبکہ جاں بحق خاتون کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کیا گیا۔
اس سے قبل بھی شیخوپورہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں شوہر سے جھگڑے پر بیوی نے دو بچوں کو زہر دے کر قتل کر دیا تھا۔
پولیس کے مطابق بچوں کو زہر دینے کے بعد خاتون نے بھی زہر کھا کر خودکشی کی کوشش کی تھی جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔