کراچی : اینٹی نارکوٹکس فورس نے قرآنی آیات کے فریموں میں ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، جبکہ چاول کی بوریوں میں بھاری مقدار میں چھپائی گئی ہیروئن بھی برآمد کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے مصدقہ اطلاع پر کلفٹن کے علاقے میں قائم کورئیر کمپنی کے ایک دفتر پر چھاپہ مارا، اس دوران دفتر سے قرآنی آیات کے فریموں میں چھپائی گئی آدھا کلو ہیروئن برآمد کرلی۔
فریموں کے بیچ میں انتہائی مہارت کے ساتھ ہیروئن کے پیکٹ رکھے گئے تھے، اس حوالے سے اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ پارسل سے 500گرام ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے، مذکورہ پارسل ارشد محمود نامی شخص نے راولپنڈی سے برطانیہ کیلئے بک کرایاتھا۔
علاوہ ازیں دوسری کارروائی میں اے این ایف کی ٹیم نے کلفٹن ہی میں ایک انٹرنیشنل کنٹینرٹرمینل پر کارروائی کی جہاں سے چاول کی پانچ بوریوں میں چھپائی گئی15کلو ہیروئن برآمد کرلی گئی، اےاین ایف حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی پہلے سےگرفتار ملزم کی نشاندہی پر کی گئی۔