مزے مزے کے پکوان سے لطف اندوز ہونے کیلیے قربانی کے گوشت کو زیادہ دنوں تک محفوظ رکھنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔
موسم گرما میں عیدالضحیٰ اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے فریزر میں رکھے قربانی کا گوشت خراب ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں تاہم یہاں کچھ ایسے آسان طریقے بیان کیے جا رہے ہیں جو کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔
قربانی کا گوشت محفوظ رکھنے کیلیے پہلا کام فریزر کی صفائی ہے تاکہ کولنگ کا عمل متاثر نہ ہو سکے۔ گوشت کے اوپر سے چکنائی اور غیر ضروری حصے نکال کر بوٹیوں کی شکل میں کاٹنے کے بعد فریزر میں رکھیں۔
گوشت کو زپ لاک بیگ میں ڈال کر فریزر میں محفوظ کریں تاکہ جب پکانا ہو تو برف میں جمے گوشت کو پگھلانے میں آسانی ہو۔ گوشت میں شامل غذائی اجزا، معدنیات اور ذائقے کو برقرار رکھنے کیلیے کبھی بھی گوشت کو دھو کر فریزر میں نہ رکھیں۔
کوشش کریں گوشت رکھنے کے بعد غیر ضروری طور پر فریزر کو بار بار نہ کھولیں، اس سے قربانی کا گوشت خراب ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
اگر آپ کے فریزر نے اچانک کام کرنا چھوڑ دیا ہے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، بس گوشت کو ابال کر یا پھر نمک لگا کر خشک کر لیں، اس طرح بھی گوشت کو خراب ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔