اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے کاوشیں بروئے کار لاتے رہیں گے، ہماری خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اسپیشل سیکریٹری خارجہ اور وزارت خارجہ کےافسران نے شرکت کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عالمی سطح پر سرخرو کیا۔
انہوں نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے کامیاب اجلاس پر وزارت خارجہ ٹیم کو مبارکباد بھی دی، انہوں نے کہا کہ بہترین سفارت کاری کے لیے معاشی خود انحصاری اہمیت کی حامل ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے کاوشیں بروئے کار لاتے رہیں گے۔ ہماری خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فخر ہے میں انتہائی قابل سول سرونٹس اور سفیروں کی ٹیم کی سربراہی کر رہا ہوں۔