اسلام آباد: تحریک انصاف کے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، قومی وطن پارٹی نے بھی پانامہ لیکس پر کمیشن کے معاملہ پر پی ٹی آئی کے موقف کی تائید کردی۔ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں جمہوریت کو ڈی ریل کرنا مقصد نہیں۔
رہنماء تحریک انصاف شاہ محمود قریشی، سینیٹر شبلی فراز اور مفتی سعید کے ہمراہ قومی وطن پارٹی کی سربراہ آفتاب شیر پاؤ کے گھر پہنچے، شاہ محمود قریشی نے آفتاب شیرپاؤ کو سرخ پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا اور ساتھ ہی پانامہ لیکس پر اپنا موقف بیان کیا۔
ملاقات کے بعد شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے پانامہ لیکس کے معاملہ پر پی ٹی آئی کے موقف کے حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جہوریت کو ڈی ریل کرنے کا حکومتی موقف بدنیتی پر مبنی ہے ہم نہ جہوریت کے خلاف تھے نہ ہیں اور نہ ہوں گے لیکن ریٹائرڈ جج کی سرپرستی میں حکومتی کمیشن قبول نہیں۔
قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پاوٗ نے پی ٹی آئی کے مشاورتی عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی کمیشن تک کی بات تو قبول کرتے ہیں مگر رائے ونڈ کے گھیراؤ اور دھرنے میں شرکت نہیں کریں گے۔
شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ چوبیس اپریل کو کوئی دھرنا نہیں پرامن یوم تاسیس منائیں گے، عمران خان کی لندن روانگی کسی لندن پلان کا حصہ نہیں بلکہ دورہ لندن ایک مہینے سے شیڈول تھا۔