نئی دہلی: معروف بالی ووڈ اداکار آر مادھون کا کہنا ہے کہ اگر ہمیں معلوم ہوجائے کہ فلمیں فلاپ کیوں ہوجاتی ہیں، تو ہم سب ہٹ فلمیں بنانے لگیں۔
بالی ووڈ اداکار آر مادھون نے فلم لال سنگھ چڈھا سمیت حال ہی میں بھارتی باکس آفس پر مایوس کن کارکردگی دکھانے والی بالی ووڈ فلموں کے بارے میں اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
آر مادھون سے فلم دھوکا راؤنڈ ڈی کارنر کے ایک پروموشنل ایونٹ کے دوران باکس آفس پر مایوس کن کارکردگی دکھانے والی بڑے بجٹ کی فلموں کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کرنے کو کہا گیا تو انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں یہ معلوم ہوتا کہ لال سنگھ چڈھا باکس آفس پر کیوں ناکام ہوئی تو ہم سب ہٹ فلمیں بنا رہے ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی فلم بناتے ہوئے جان بوجھ کر ایسی فلم نہیں بناتا کہ وہ باکس آفس پر ناکام ہو۔
آر مادھون کا کہنا تھا کہ باکس آفس پر ناکام ہونے والی فلم کے پیچھے بھی ایک اداکار کا اچھا ارادہ اور اتنی ہی محنت ہوتی ہے جتنی کہ اس نے اپنی کسی ہٹ فلم کے لیے کی ہوتی ہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ جہاں تک ساؤتھ انڈین فلموں کا تعلق ہے، تو باہو بلی، 1 اور 2، آر آر آر، پشپا، کے جی ایف چیپٹر 1 اور 2 ہی وہ ساؤتھ انڈین فلمیں ہیں جنہوں نے ہندی فلموں سے بہتر کارکردگی دکھائی ہے، یہ صرف 6 فلمیں ہیں، اس لیے ہم صرف 6 فلموں کی اچھی کارکردگی کو تبدیلی نہیں کہہ سکتے۔
آر مادھون نے کہا کہ کرونا وبا کے بعد، لوگوں کی پسند اور ترجیحات میں کافی تبدیلی آگئی ہے، اس لیے ہمیں لوگوں کی ترجیحات کے مطابق اپنی فلموں کے مواد میں مزید بہتری لانی پڑے گی۔