کراچی: انٹرنیشنل کک باکسر رابعہ نور نے باکو میں گولڈ میڈل جیت لیا۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ چیمپئن شپ کک باکسنگ میں پاکستان کے لیے ایک اور سنہری کامیابی ملی ہے، بلدیہ ٹاؤن کراچی کی باہمت اور باصلاحیت بیٹی رابعہ نور نے آذربائیجان کے شہر باکو میں ہونے والے عالمی مقابلے میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔
رابعہ نے جیتنے کے بعد کہا کہ انھوں نے 4 راؤنڈ کھیل کر فائٹ جیتی، جس پر انھیں بے حد خوشی ہے، رابعہ نور نے ٹاؤن چیئرمین بلدیہ عبدالکریم آسکانی کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے انھیں اسپانسر کیا۔
بلدیہ ٹاؤن کی بیٹی نے محنت، حوصلے اور عزم سے دنیا کو دکھا دیا کہ پاکستانی خواتین کسی سے کم نہیں ہیں، ٹاؤن چیئرمین بلدیہ عبدالکریم آسکانی نے اس ہونہار کھلاڑی کو اسپانسر کر کے اس کامیابی کا راستہ ہموار کیا۔
رابعہ نور بلدیہ ٹاؤن کراچی کی رہائشی ہے، انھوں نے قومی سطح پر متعدد اعزازت جیتے ہیں، انھیں باکو میں مقابلے میں شرکت کے لیے اسپانسر کی ضرورت تھی، اے ار وائی نیوز کی خبر کے بعد ٹاؤن چیئرمین نے نوٹس لیا اور ان کی جانب سے رابعہ کو ایئر ٹکٹ اور دیگر سفری سہولیات فراہم کی گئیں۔
اے آر وائی نیوز کی خبر پر نوٹس، انٹرنیشنل کک باکسر رابعہ نور کو اسپانسر مل گیا
انٹرنیشنل کک باکسر اور گولڈ میڈلسٹ اور ایشیئن چیمپئن رابعہ متعدد قومی و بین الاقوامی اعزازات اپنے نام کر چکی ہیں، اب آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ہونے والی ’’بلڈ ٹو بلڈ‘‘ انٹرنیشنل چیلنج فائٹ میں بھی گولڈ میڈل حاصل کر لیا ہے۔