کراچی: محکمہ صحت، سندھ کی غفلت کا ایک اور کیس سامنے آگیا، معصوم بچہ مناسب علاج نہ ہونے کے باعث ریبیز کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گیا.
تفصیلات کے مطابق شکارپور کے رہائشی 8 سالہ معصوم رضوان کی ریبیز نے جان لے لی. بچہ کراچی کے ایک اسپتال میں زیرعلاج تھا.
رضوان اور دیگر 4 افراد کو ایک مہینہ پہلے پاگل کتے نے کاٹا تھا، اہل خانہ بچے کو شکارپور، لاڑکانہ کے اسپتال لے گئے جہاں اینٹی ریبیز ویکسین نہیں تھی.
اندرون سندھ میں اینٹی ریبیز ویکسین کی قلت اور علاج میں تاخیر نے مریض کی جان لے لی. چند روز قبل ریبیزسے سانگھڑ کا رہائشی 11 سال کا بچہ جناح اسپتال میں انتقال کرگیا تھا.
مزید پڑھیں: کراچی: کتے کے کاٹے کی ویکسین کی قلت، 11 سال کا لڑکا جاں بحق
ڈائریکٹر جناح اسپتال سیمی جمالی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جناح اسپتال میں کتے کے کاٹنے کے5 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوچکے ہیں.
خیال رہے کہ رواں برس کتے کے کاٹے کا علاج نہ ہونے کے باعث 4 اموات ہوچکی ہیں.
ریبیز پاگل کتے، بلی اور لومڑی کے کاٹنے سے انسانوں میں پھیلنے والی ایک بیماری ہے، جو دماغی سوجن کا سبب بنتی ہے اور اگر علاج نہ کروایا جائے، تو موت بھی واقع ہوسکی ہے.