ملک کے مختلف شہروں میں آپریشن رد الفساد کے دوران درجنوں جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان سے اسلحہ، شناختی کارڈ، موبائل فون اور سمیں برآمد ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف شکنجہ لمحہ بہ لمحہ تنگ کیا جارہا ہے۔ ملک بھر میں آپریشن رد الفساد کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے اقبال ماڈل ٹاؤن میں پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا جس میں 40 سے زائد مشتبہ افراد گرفتار کرلیے گئے۔ 200 سے زائد افراد کے کوائف چیک کیے گئے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں رینجرز کا یونیورسٹی روڈ پر واقع پارک میں چھاپہ
جلال پور بھٹیاں میں پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشن میں 11 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ ملزمان سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
پتوکی میں تھانہ سٹی پولیس نے کارروائی کے دوران مختاری گینگ کے 3 اراکین کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے اسلحہ، نقدی، زیورات، موبائل فون، درجنوں شناختی کارڈ اور سمیں برآمد ہوئیں۔
بھکر میں پولیس نے کارروائی کے دوران جعلی نوٹ بنانے والا ملزم گرفتار کرلیا۔ ملزم سے پرنٹنگ مشین اور لاکھوں کی جعلی کرنسی برآمد ہوئی۔