بارسلونا: عالمی نمبر ایک اسپین کے اسٹار ٹینس پلیئر رافیل نڈال نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل گیارہویں مرتبہ بارسلونا اوپن ٹائٹل جیت لیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپین کے ساحلی شہر بارسلونا میں جاری اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں اسپینش کھلاڑی نے یونان کے نوجوان کھلاڑی اسٹیفانوس کو چھ دو اور چھ ایک سے شکست دے کر نہایت آسانی سے فتح حاصل کرلی۔
ٹرافی وصول کرنے کے بعد نڈال نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے سوئمنگ پول میں چھلانگ لگا کر فتح کا جشن منایا۔ یہ ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد ٹینس میں ان کی پہلی پوزیشن اور بھی مستحکم ہوگئی ہے۔
عالمی نمبر وَن نے اپنے انیس سالہ حریف سے پہلا سیٹ چھ دو سے جیتنے میں محض چالیس منٹ لگائے۔ پہلے سیٹ کا میچ بارش کی وجہ سے کچھ دیر کے لیے رکنے سے قبل اسٹیفانوس نے اچھا آغاز لیا لیکن کھیل دوبارہ شروع ہونے کے بعد رافیل نڈال نے انھیں ٹکنے نہیں دیا۔
ٹینس اسٹار اعصام الحق بارسلونا اوپن کے فائنل میں پہنچ گئے
رافیل نڈال اس پورے ٹورنامنٹ میں بلندی پر رہے اور ایسا لگتا ہے کہ 27 مئی کو 2018 کا فرنچ اوپن بھی وہ جیت لیں گے۔ واضح رہے کہ یہ میچ فتح اکتیس سالہ ٹینس کھلاڑی رافیل نڈال کی کلے کورٹ میں انیسویں میچ فتح تھی، جب کہ مسلسل سیٹس فتوحات کی تعداد چھیالیس ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے گیارہویں مونٹی کارلو ٹائٹل جیتنے کے بعد یہ نڈال کی طرف سے کلے پر پچپن واں اور شان دار کیریئر کا ستتر واں ٹائٹل تھا۔ دوسری طرف اسٹیفانوس کا یہ نڈال کے ساتھ پہلا میچ تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔