نوٹ: یہ طویل ناول انگریزی سے ماخوذ ہے، تاہم اس میں کردار، مکالموں اور واقعات میں قابل ذکر تبدیلی کی گئی ہے، یہ نہایت سنسنی خیز ، پُر تجسس، اور معلومات سے بھرپور ناول ہے، جو 12 کتابی حصوں پر مشتمل ہے، جسے پہلی بار اے آر وائی نیوز کے قارئین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔
جیک نئے مہمان کو جسے اس نے ایڈوی کہہ کر پکارا تھا، اینگس کے گھر کے اندر لے آیا۔ جمی نے اسے بیٹھنے کا اشارہ کیا اور کہا ’’طویل عرصے بعد تمھیں دیکھ کر خوشی ہوئی جولین۔‘‘
ایڈوی چونک اٹھا: ’’جولین … کیا مطلب، میں تو ایڈوی ہوں۔‘‘
’’ہاں لیکن یہ ایک الگ دنیا ہے، یہاں ایڈوی بہت عجیب لگتا ہے، اس لیے آج کے بعد سے تمھارا نام جولین ہوگا۔‘‘ جمی نے مسکرا کر کہا اور بتایا کہ ان کے نام بھی انھوں نے تبدیل کیے ہیں۔ ساتھ ہی میں اس نے اب تک گزرے واقعات کا خلاصہ بھی بیان کر دیا تاکہ جولین صورت حال سے آگاہ رہے۔ نئے مہمان نے جونی اور جیزے سے متعلق دریافت کیا تو اسے بتایا گیا کہ وہ دونوں فیونا اور اس کی ماں مائری کے ساتھ گئے ہیں۔ باتوں باتوں میں معلوم ہوا کہ جولین کو باغبانی کا شوق رہا تھا، جس پر اینگس نے کہا کہ مائری یہ سن کر خوش ہوں گی کیوں کہ انھیں قلعہ آذر میں ان کی بہت ضرورت پڑے گی۔
تب جولین کے چہرے پر اچانک پریشانی کے آثار نمودار ہوئے، اس نے کہا: ’’میں مائری سے اپنی ملاقات کا بے چینی سے انتظار کر رہا ہوں، یہ سب بہت دل چسپ ہے، لیکن مجھے آپ کو خبردار کرنا چاہیے کہ محل میں کچھ عجیب ہو رہا ہے۔ میں بھی باقی افراد کی طرح ٹائم پورٹل کے ذریعے یہاں آیا ہوں۔ لیکن جیسے ہی میں محل سے باہر نکلا میں نے وہاں دھوبن بد روحوں کو دیکھا جو قلعے کے اندر جا رہی تھیں۔ وہاں اور قسم کی بد روحیں بھی تھیں، یہ سب غیر معمولی تھا، کیوں کہ وہ سب کے سب ایک ہی کام کر رہی تھیں، یعنی قلعے میں جوش و خروش سے داخل ہو رہی تھیں۔‘‘
جیفرے نے گرم چائے پیالی میں انڈیلتے ہوئے سوال کیا کہ جادوگر پہلان اور ڈریٹن اس وقت کیا کر رہے ہوں گے؟ ان کی طرف سے پریشانی لاحق رہتی ہے۔ جمی نے کہا کہ اس وقت پریشان ہونے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، سب کو اچھی سی نیند کر لینی چاہیے کیوں کہ اگلے دن فیونا اور اس کے دوستوں کے ساتھ کیمپنگ کرنے جانا ہے، اور ہو سکتا ہے کہ کل کا دن بہت تھکا دینے والا ثابت ہو۔
جب وہ سب سو گئے تو انکل اینگس نے زیلیا کی زبان میں لکھی گئی کتاب اٹھا لی اور آتش دان کے سامنے بیٹھ کر ورق گردانی کرنے لگے۔ کتاب میں کچھ علامتیں تھیں جن پر انھوں نے انگلیاں پھیر کر خود کلامی کی: ’’کاش میں سمجھ سکتا کہ اس کا کیا مطلب ہے۔‘‘ پھر وہ کتاب پڑھتے پڑھتے کب نیند کی وادی میں کھو گئے، انھیں پتا بھی نہیں چلا۔
۔۔۔۔۔۔
اگلے دن ناشتے کے بعد دونوں قدیم انسان یعنی جونی اور جیزے، فیونا اور اس کی ممی کے ساتھ انکل اینگس کے گھر کی طرف چل پڑے۔ فیونا اور مائری کیمپنگ ٹرپ کے بارے میں سوچ رہے تھے۔ جب وہ اینگس کے گھر پر پہنچے تو وہ سب تیار کھڑے تھے، تہہ ہونے والے خیمے تیار تھے۔ تمام انتظامات بھی مکمل تھے، ایک بڑی گاڑی کا اہتمام پہلے ہی سے ہو چکا تھا، جس میں انھوں نے تمام سامان رکھا۔ اس دوران فیونا اور مائری کا جولین کے ساتھ تعارف ہو گیا۔ جیک کو دیکھتے ہی جولین چہکا: ’’آلروئے، آپ کو دیکھ کر اچھا لگا۔ بہت لمبا عرصہ ہو گیا ہے۔‘‘ اور وہ ایک دوسرے کے گلے لگ گئے۔ اینگس نے فیونا نے اس کے دوستوں کے بارے میں دریافت کیا کہ وہ کیوں نہیں آئے، تو فیونا نے بتایا کہ دونوں کسی اور کام میں مصروف تھے۔ اس کے بعد وہ خوب صورت پہاڑی علاقے کی طرف روانہ ہو گئے۔