کراچی: سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ ستر برس سے لوگ باریاں لے رہے ہیں مگر آج بھی عوام کسمپرسی کی زندگی بسر کررہے ہیں، اسلامی اتحاد میں راحیل شریف کی تعیناتی بہت حساس معاملہ ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ باریاں لینے والوں سے جان چھڑائی جائے، پاناما کیس میں اتنا مواد سامنے آچکا کہ نواز شریف کو صادق اور امین نہیں کہا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ دو جماعتیں باری باری اقتدار پر بیٹھتی ہیں مگر افسوس ہے کہ لوگوں کے حالات آج نہیں بدلے، عوام کو کھانے نہیں مل رہا تعلیم کا برا حال ہے اورکراچی کے حالات سے گماں ہوتا ہے کہ یہاں حکومت نہیں، اب عوام کو جاگنا ہوگا اور آئندہ انتخابات میں راہزنوں سے جان چھڑانی ہوگی۔
پڑھیں: ’’ حکومت نے راحیل شریف کو ابھی این او سی نہیں دیا، خواجہ آصف ‘‘
افتخار چوہدری نے کہا کہ زرداری صاحب کے قریبی دوست کیوں غائب ہورہے ہیں انہیں خود اس بات کا اچھی طرح سے علم ہے، کسی بھی آدمی کو بلاوجہ گرفتار نہیں کیا جاتا۔
مزید پڑھیں: ’’ ایران کوراحیل شریف سےکوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے‘ ناصرجنجوعہ ‘‘
سابق چیف جسٹس نے راحیل شریف کی تعیناتی پر کہا کہ حرمین شریفین کی کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے مگر سابق آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ بہت حساس ہے ، اس تعیناتی سے ملکی حالات خراب ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ ہم نائن الیون کے نتائج ابھی تک بھگت رہے ہیں۔