راولپنڈی : جرمنی کی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان سبین سپرویژر نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی ہے۔
جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں آپریشن ضرب عضب پر بات چیت کی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جرمنی کی نمائندہ سبین سپرویژر نے آپریشن ضرب عضب میں پاکستان کی پیش قد می اور کامیابیوں کو سراہا۔
جرمن نمائندہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جو کوششیں کررہا ہے وہ لائق تحسین ہیں، ان کاکہنا تھا کہ خطے میں امن پاکستان اور افغانستان دونوں کے مفاد میں ہے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جرمنی کی نمائندہ کو دہشت گردی کے خاتمے اور جنگ سے تباہ حال علاقوں کی بحالی میں فوج کی کوششوں کے حوالے سے بتایا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جائے گا۔