بھارت میں مذہبی آزادی کے حوالے سے امریکا میں تقریر پر مودی حکومت نے راہول گاندھی کو غیر ملکی ایجنٹ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں لوک سبھا کے اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے امریکا میں مذہبی آزادی کے حوالے سے تقریب میں شرکت کی، اور کہا کہ بھارت میں مذہبی اقلیتوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا بھارت میں اس وقت اس بات پر جنگ ہے کہ کیا سکھوں کو پگڑی پہننے، گرودوارے جانے اور کڑا پہننے کی اجازت ہونی چاہیے یا نہیں، اور یہ بات صرف سکھوں تک محدود نہیں تمام مذاہب پر لاگو ہو رہی ہے۔
انھوں نے کہا بھارت کو مذہبی رواداری سے متعلق اس وقت سنگین صورت حال کا سامنا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے راہول گاندھی کے اس بیان پر انھیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے غیر ملکی ایجنٹ قراردے دیا ہے۔
واضح رہے کہ راہول گاندھی نے اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے امریکا کا اپنا 3 روزہ دورہ شروع کر دیا ہے، وہ گزشتہ روز ڈلاس، ٹیکساس پہنچے تھے، جہاں ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔