اتوار, جون 30, 2024
اشتہار

راہل گاندھی نے بھارتی آئین کا پاکٹ سائز ایڈیشن ’وائرل‘ کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: انتخابی مہم کے دوران جب سے اپوزیشن کے رہنما راہل گاندھی نے بھارتی آئین کا پاکٹ سائز ایڈیشن اپنے پاس رکھنا شروع کیا ہے، تب سے یہ عوام میں بھی بہت مقبول ہو گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راہل گاندھی نے دستورِ ہند کے پاکٹ سائز ایڈیشن کو اتنا مشہور کر دیا ہے، کہ صرف 3 ماہ کے اندر اس کی 5 ہزار سے زائد کاپیاں فروخت ہو گئی ہیں۔

بھارت کے عام انتخابات میں انڈیا بلاک کے رہنماؤں، خصوصاً راہل گاندھی نے بھارتی آئین کی حفاظت کو اپنی انتخابی مہم کا بنیادی حصہ بنایا تھا، عوام نے بھی ان پر اعتماد کیا، یہاں تک کہ وہ ایک مضبوط اپوزیشن کی صورت میں لوک سبھا پہنچے۔

- Advertisement -

دل چسپ بات یہ ہے کہ راہل گاندھی پوری انتخابی مہم کے دوران اور پھر لوک سبھا میں بہ طور اپوزیشن لیڈر حلف لینے کے وقت بھی بھارتی آئین کا پاکٹ سائز ایڈیشن ہاتھ میں پکڑے نظر آئے، جس کی وجہ سے اس پاکٹ سائز کی فروخت اچانک بڑھ گئی۔

پاکٹ ایڈیشن چھاپنے والی ایسٹرن بُک کمپنی (ای بی سی) نے کہا ہے کہ محض تین مہینے میں ہی دستورِ ہند کے پاکٹ ایڈیشن کی ہزاروں کاپی فروخت ہو چکی ہیں، انگریزی روزنامہ ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق بھارتی آئین کا یہ پاکٹ سائز ایڈیشن ایک علامت بن گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ای بی سی نے یہ پاکٹ ایڈیشن پہلی مرتبہ 2009 میں پرنٹ کیا تھا، تب سے اس کے 16 ایڈیشن چھپ چکے ہیں، اور گزشتہ تین ماہ میں اس کی فروخت 2023 کے پورے سال کی فروخت شدہ کاپیوں کی تعداد کے برابر ہے۔

اٹھارہویں لوک سبھا کے پہلے اجلاس کے لیے کانگریس نے بھی بھارتی آئین کے اس پاکٹ سائز ایڈیشن سے بھرے 4 باکس خریدے تھے، اس پاکٹ سائز ایڈیشن کی قیمت 895 روپے ہے، اس میں 624 صفحات ہیں، آئن لائن فروخت پر 10 فی صد رعایت کی جا رہی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں