بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

کانگریس رہنما راہول گاندھی بھی کرونا سے متاثر

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: بھارت میں کرونا کی تیسری لہر کی ہولناکی جاری ہے، نئی دہلی کے وزیراعلیٰ کے بعد بھارتی رہنما بھی کرونا سے متاثر ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس لیڈر راہل گاندھی کرونا سے متاثر ہوگئے ہیں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں راہول گاندھی نے لکھا کہ کچھ ہلکی علامات ظاہر ہونے کے بعد میری کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ پازیٹو پائی گئی ہے، انہوں نے رابطے میں رہنے والے افراد کو بھی اپنا کرونا ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا ہے۔

راہول گاندھی نے بھارتی عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کرونا کے ایس او پیز پر عمل کریں اور وبا سے محفوظ رہیں۔

نئی دہلی کے وزیراعلیٰ قرنطینہ میں

اس سے قبل نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی اہلیہ کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جس پر اروندکیجریوال نے خود کو بھی قرنطینہ کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت میں کرونا کی تیسری لہر نے قیامت ڈھارکھی ہے، چھ روز سے مسلسل دو لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صحت کا نظام بری طرح فیل ہوگیا ہے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھارت میں کرونا وائرس کے 259170 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 1761 افراد لقمہ اجل بنے۔

دہلی انڈیا کا سب سے زیادہ متاثرہ شہر ہے، کرونا وائرس کے کیسز میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے پیر کی رات سے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک ہفتے کے لیے لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں