لاہور: ریلوے حکام نے فریٹ کرایوں میں 5 سے 25 فی صد تک کمی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے ذرائع نے کہا ہے کہ فریٹ کرایوں میں 5 سے 25 فی صد تک کمی کر دی گئی ہے، فریٹ کرایوں میں کمی کا اطلاق 20 سے 22 جولائی تک ہوگا، ریلوے حکام کا فیصلہ عید کی چھٹیوں میں تاجر برادری کی سہولت کے لیے کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کوئلہ ٹرینوں کے کرایوں میں 5 فی صد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، کنٹینرز ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فی صد کمی کا فیصلہ کیا گیا، جب کہ جنرل کارگو کے کرایوں میں 25 فی صد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عید کے موقع پر مسافروں کی سہولت کے لیے محکمہ ریلوے نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ عید کے تینوں دن ٹرینوں کی بروقت آمد اور روانگی کو یقینی بنایا جائے، اور مسافروں کا ہر صورت خیال رکھا جائے۔
عیدالاضحیٰ: ریلوے مسافروں کے لیے خوشخبری
ریلوے حکام نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ مسافروں اور عملے کو سختی سے کرونا ایس اوپیز پر عمل کرایا جائے، خیال رہے کہ عید کے موقع پر مسافروں کے لیے خصوصی عید ٹرینیں بھی چلائی جارہی ہیں۔