لاہور : محکمہ ریلوے کی پولیس نے لاہور میں جعلسازی اور دھوکہ دہی سے بھرتی کی کوشش کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملزمان علی رضا اور حسنین علی نے ریلوے پولیس کے فزیکل ٹیسٹ میں شامل ہونے کے لئے جعلی رول نمبر سلپس تیار کیں تھیں۔
ریلوے پولیس کے ترجمان کنور عمیر ساجد کے مطابق کمپیوٹر اور ریکارڈ رجسٹر چیک کیا گیا تو فراہم کردہ معلومات غلط نکلیں۔
ملزم زوہیب اصل امیدوار کی جگہ دوڑ میں شامل ہونے اور امیدوار عدیل نے درخواست فارم میں غلط معلومات فراہم کیں جبکہ چار میں سے دو ملزمان نے جعلی رول نمبر سلپس تیار کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
ملزمان حسنین علی اور علی رضا کو گرفتار کر کے تھانہ ریلوے لاہور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تفتیش کے دوران ملزم زوہیب نے اصل امیدوار وقار عباس کی جگہ دوڑ لگانے کے لئے حاضر ہونے کا اعتراف بھی کرلیا
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ریلوے میں ملازمتوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتے جعلی اشتہار کا چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی۔
انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ میں بھرتیوں کا اشتہار ادارے کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جاتا ہے، خود ساختہ اشتہار بنا کر سادہ لوح عوام سے پیسے اینٹھنے کی کوشش کرنے والوں کو ریلوے کی جانب سے سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔